جموں:کانگریس، نیشنل کانفرنس، اور دیگر سیاسی جماعتوں و سماجی کارکنان نے جموں و کشمیر انتظامیہ کے اس فیصلے کی مخالفت کی جس میں انتظامیہ نے سرکاری ملازمین کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنے مطالبات کو لیکر احتجاج نہیں کرسکتے۔
جموں کشمیر کی سیاسی جماعتوں و سماجی رہنماؤں نے انتظامیہ کے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ "اختلافات کی ہر آواز کو کچلنے" کی کوشش ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر کی زیر قیادت انتظامیہ نے جمعہ کے روز یوٹی ملازمین کو ان کی مجوزہ ایجیٹیشن کو آگے بڑھانے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی حرکتیں تادیبی کارروائی کو راغب کریں گی۔
اس حکم نامے پر جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وقار رسول وانی نے کہا کہ حکومت اختلاف رائے کی ہر آواز کو کچلنا چاہتی ہے، جو کہ جمہوریت کے لیے بہت خطرناک عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنے حقیقی مسائل کو حل کرنے میں انتظامیہ کی ناکامی کے خلاف احتجاج کریں اور کانگریس ملازمین سمیت ہر شہری کے جمہوری اور بنیادی حقوق کا مکمل دفاع کرتی ہے اور اس کی حمایت کرتی ہے اور اس حکم کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے۔
وہیں این سی کے صوبائی سکریٹری شیخ بشیر احمد نے کہا کہ حکم نامہ واضح کرتا ہے کہ جموں و کشمیر میں کسی کو بولنے کی اجازت نہیں ہے۔ایک ملازم قواعد کے تحت کام کرتا ہے، لیکن اسے اپنے خلاف کسی بھی ناانصافی کا دفاع کرنے کا پورا حق حاصل ہے این سی لیڈر نے دعویٰ کیا کہ موجودہ صورتحال ایسی ہے کہ سیاسی کارکن بھی قید کے خوف سے بولنے سے کتراتے ہیں۔