پی ڈی پی کے کارکنوں نے منگل کے روز جموں میں دربار مو کی روایت کے خاتمے اور مہنگائی کے خلاف احتجاج درج کیا۔
احتجاجی مرکزی حکومت کے خلاف جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈس اور پی ڈی پی کے جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ دربار مو کی ڈیڑھ سو سالہ پرانی روایت کو ختم کرکے ڈوگروں کی شناخت کو ختم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا: 'دربار مو کی روایت ہماری پہچان ہے اگر دربار مو سے حکومت کو دو سو کروڑ روپیوں کا نقصان ہو رہا ہے تو اس کے خاتمے سے جموں کے لوگوں کو بھی کافی نقصان ہو رہا ہے اس کی بھر پائی کون کرے گا'۔
ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی نے لوگوں کو جو خواب دکھائے تھے وہ سراب ثابت ہو رہے ہیں۔