نیشنل کانفرنس کے جموں خطے کے صدر دیویندر سنگھ رانا نے اتوار کو جموں ایئر پورٹ پر ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 'پاکستان کی طرف سے انتہا پسندی کی نئی جہت قابل مذمت اور مہذب معاشرے کے لیے ایک چیلنج ہے'۔ رانا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 'اس سے پاکستان کے ارادے بے شک بے نقاب ہو چکے ہیں، خاص طور پر جب دشمن ہمسایہ نے جموں و کشمیر میں حدمتارکہ اور بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی نافذ کرنے کا دعوی کیا تھا'۔
رانا نے ان دھماکوں سے جانی نقصان نہ ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ رانا نے کہا کہ 'اس طرح کے انتہاپسندانہ حملوں سے جموں و کشمیر کے عوام کا حوصلہ پست نہیں ہوگا، جو پاکستان اور اس کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کا مقابلہ کرنے کے لئے پرعزم ہیں'۔