نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے اعلان کیا ہے کہ عوامی اتحاد برائے گپکر اعلامیہ (پی اے جی ڈی) میں شامل پارٹیاں ضلعی ترقیاتی کونسلوں کے آئندہ انتخابات اپنے اپنے پارٹی نشانوں پر لڑیں گے، کیونکہ مشترکہ نشان کی الاٹمنٹ اس وقت ممکن نہیں ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے کہا 'اب بہت ہی کم وقت باقی ہے لہذا اتحادی اپنی پارٹی کے علامتوں پر انتخاب لڑیں گے لیکن وہ پی اے جی ڈی کے مشترکہ اُمیدوار ہوں گے۔'
نیشنل کانفرنس سربراہ نے کہا کہ پی اے جی ڈی کی لڑائی ملک کے خلاف نہیں ہے بلکہ یہ ایک ایسی مخصوص جماعت کے خلاف ہے جس نے ملک کو فرقوں میں بانٹ کر اور ان کے مابین پھوٹ ڈال کر ملک کو غیریقینی صورتحال کا شکار بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہم ملک کے دشمن نہیں بی جے پی کے دشمن ضرور ہیں: فاروق عبداللہ
امریکی انتخابات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے اُمید ظاہر کی کہ نئی حکومت دنیا میں استحکام کے لئے کام کرے گی۔