سرینگر (نیوز ڈیسک):جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (جے کے این سی) جموں، کے صوبائی صدر رتن لال گپتا نے جموں صوبے میں پارٹی کے تمام ضلع اور بلاک سطح کے کارکنان و لیڈران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ’’آئندہ منتخب ہونے والے پنچایتی و بلدیاتی انتخابات کے لیے بنیادی سطح پر کیڈر کو تیار کریں۔ انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے ان باتوں کا اظہار شیر کشمیر بھون میں جموں ویسٹ حلقہ کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ ’’یونین ٹیریٹری انتظامیہ تمام محاذوں پر بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور اس حساس خطے کے لوگوں کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ’’صرف این سی ہی جموں و کشمیر کے لوگوں کی امنگوں کو صحیح معنوں میں پورا کر سکتی ہے اور پارٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ پنچایت، یو ایل بی یا حتیٰ کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور لوگوں کی مشکلات کو ختم کرنے کی راہ ہموار کرے۔ عوامی نمائندوں کی حکومت کی عدم موجودگی میں ایل جی کی افسر شاہی آمریت کی وجہ سے عوام و خواص کو حد سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔‘‘