جموں (جموں کشمیر) :دفعہ 370 کی منسوخی کے کے بعد یونین ٹیریٹری لداخ میں منعقد ہوئے پہلے (LAHDC) انتخابات میں نیشنل کانفرنس (این سی) اور کانگریس کو بھاری اکثریت حاصل ہوئی ہے جبکہ مرکز میں حکمران جماعت بی جے پی کو محض دو سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔ انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے 12 جبکہ کانگریس نے 10 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ انتخابات میں کامیابی پر نیشنل کانفرنس لیڈران و کارکنان میں کافی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ پیر کو این سی اور کانگریس کے کارکنان نے جموں سمیت یوٹی کے دیگر اضلاع میں مٹھائیاں تقسیم کرکے جیت کا جشن منایا۔ کئی مقامات پر پارٹی کارکنان نے ڈھول نگاڑے بجائے اور جیش کی خوشی میں رقص کرتے بھی دکھائی دئے۔
کرگل انتخابات میں بہتر کرکردگی اور بی جے پی کی شکست کو کانگریس اور نیشنل کانفرنس لیڈران ’’مستقبل (کے انتخابات) کے لئے نیک شگون‘‘ قرار دے رہے ہیں۔ جموں میں ریاستی کانگریس کمیٹی کے کارگزار صدر رمن لال بھلا نے اپنے حامیوں کے ہمراہ پارٹی دفتر واقع شہیدی چوک میں جیت کا جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کرکے خوشی کا اظہار کیا۔ رمن بھلا نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’کرگل ہل کونسل انتخابات میں جس طرح سے کانگریس کے امیدواروں کو عوامی حمایت حاصل ہوئی ہے اس سے ایک بات واضح ہو گئی ہے کہ ’انڈیا‘ الائنس کے قیام کے بعد کرگل سے ہی (الائنس کا) انتخابات میں کامیابی کا آغاز ہو گیا ہے۔‘‘