جموں: جموں وکشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں کے نروال علاقے میں گزشتہ دنوں ہوئے دو دھماکوں کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے کئی مشتبہ نوجوانوں کو پوچھ تاچھ کی خاطر حراست میں لیا۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ نروال دھماکوں کی تحقیقات میں پولیس کو اہم کامیابی ملی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے کئی نوجوانوں کو حراست میں لے کر اُن سے پوچھ تاچھ کی جس دوران کچھ سراغ ملے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ راجوری میں گزشتہ دنوں آئی ای ڈی ریکوری کیس میں بھی کئی نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ تین اضلاع میں چھاپہ ماری کے دوران ایک درجن کے قریب افراد کو پوچھ تاچھ کے سلسلے میں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے پولیس کو مشتبہ افراد کے بارے میں پتہ چلا جس کے بعد اُنہیں گرفتار کیا گیا۔دریں اثنا پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نروال دھماکوں کی تحقیقات جاری ہے اور گرفتاریوں کے حوالے سے ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔