جموں:محکمہ تعلیم، جموں، کی سالانہ ٹرانسفر مہم کے تحت جموں ضلع کے اساتذہ کے تبادلوں کی پہلی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ فہرست میں وہ اساتذہ کرام بھی شامل ہیں جو ایک ہی اسکول میں دس سال یا اس سے زیادہ عرصے سے تعینات ہیں۔ سالانہ تعلیمی مہم کے تحت محکمہ تعلیم نے اساتذہ سے تبادلوں کے لیے آن لائن درخواستیں طلب کی تھیں، ان درخواستوں میں اساتذہ اپنی خواہش کے مطابق کسی دوسرے اسکول کا انتخاب کر سکتے تھے تاہم تبادلے کا حتمی فیصلہ کمیٹی کے پاس ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق ٹرانسفر مہم کا مقصد ایک ہی اسکول میں تین سال یا اس سے زائد عرصے سے تعینات اساتذہ کا تبادلہ کرنا ہے۔ محکمہ تعلیم کے افسران کا دعویٰ ہے کہ انہیں ایسی کئی شکایات موصول ہو رہی تھیں جن میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ درجنوں ’’اثر و رسوخ رکھنے والے‘‘ اساتذہ اپنے تبادلے نہیں ہونے دے رہے اور جموں شہر یا مضافات میں قائم اسکولوں میں برسوں سے بیٹھے ہیں۔ افسران کے مطابق ان شکایات میں بعض ایسے اساتذہ صاحبان کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جو ایک دہائی سے بھی زائد عرصہ سے ایک ہی اسکول میں درس و تدریس کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔