جموں (جموں و کشمیر):پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی - جو کہ جموں خطہ کے چار روزہ دورے پر ہیں - نے پیر کو جموں میں پارٹی دفتر گاندھی نگر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران ریاست مہاراشٹر کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’اجیت پوار کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینا مہاراشٹر میں عوامی مینڈیٹ کو نقصان پہنچانا ہے اور جمہوریت کو کمزور کرنا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اب وقت آگیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اس کے خلاف آواز اٹھانی چائے تاکہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کو نقصان سے بچا یا جا سکے۔‘‘
محبوبہ مفتی کے مطابق ’’نہ صرف جمہوریت کا قتل کیا جا رہا ہے بلکہ اس طرح کی حرکتوں کو چھپانے کے لیے قومی ترانہ بجایا جاتا ہے۔‘‘ محبوبہ مفتی نے مرکز میں برسر اقتدار حکمران جماعت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’بی جے پی نے مہاراشٹر میں جس طرح سے عوامی مینڈیٹ کو بار بار مجروح کیا ہے اس کی مذمت کے لیے الفاظ کافی نہیں ہیں۔ نہ صرف جمہوریت کا قتل کیا جا رہا ہے بلکہ وہ اس طرح کی اشتعال انگیز کارروائیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘
سابق وزیر اعلیٰ کے مطابق ’’ایک طرف بی جے پی سیاسی گرفتاریاں انجام دے رہی ہے، دوسری جانب مخالفین پر بدعنوانی کے جھوٹے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں، جب کہ وہ خود ایم ایل اے خریدنے کی دوڑ میں ہے۔ بی جے پی کی اقتدار کی پیاس بجھانے کے لیے عوام کی محنت کی کمائی کو برباد کیا جا رہا ہے، غلط استعمال کیا جا رہا ہے جس کے خلاف آواز اٹھانے کی ضرورت ہے جبکہ ریاست بہار میں حزب اختلاف سیاسی جماعتوں کی میٹنگ کے بعد بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔‘‘