ملک بھر کے ساتھ ساتھ آج جموں کشمیر میں بھی پہلے مرحلے کی ٹیکہ کاری مہم کی شروعات کی گئی ہے، اس ضمن میں آج جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں بھی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں جموں و کشمیر کے لیفٹینینٹ گورنر منوج سنہا کے ہمراہ چیف سکریٹری بی آر سبرامنیم، ہیلتھ کمشنر اٹل ڈلوں اور جموں کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب میں جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کوروناوائرس کے خلاف ویکسینیشن مہم کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی ریاست اپنے پہلے مرحلے کو کامیابی سے انجام دینے کے لیے پرعزم ہے،اور یہ افتتاح کورونا کے خلاف میل کا پتھر ثابت ہوگا۔
اس دوران انھوں نے جموں میڈیکل کالج اور اسپتال (جے ایم سی ایچ) میں صحت سے متعلق کارکنوں کی عیادت کی، جہاں پر ویکسینیشن کا عمل جاری ہے، ایل جی نے لوگوں کو ٹیکہ کاری کے بعد بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ افواہوں پر توجہ نہ دینے کی بھی اپیل کی ہے، بلکہ کوروناوائرس کے اس جنگ میں انتظامیہ کا تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک کے لیے یہ فخر کا دن ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی ویکسین تیار ہوچکی ہے تاہم لوگوں کو اس ویکسین کے بارے میں افواہ پھیلانے سے دور رہنا چاہیے، جس میں ویکسین کے بارے میں لوگوں کو غلط جانکاری دیتے ہیں۔