سرینگر (جموں کشمیر):پونچھ ضلع میں گزشتہ ہفتے فوجی قافلے پر حملے اور بعد ازاں فوج کے مبینہ تشدد کے سبب تین شہریوں کی ہلاکت کے بعد اپنے پہلے عوامی بیان میں مرکزی دفاعی وزیر راج ناتھ سنگھ نے بدھ کے روز سکیورٹی فورسز سے ’’ہم وطنوں کے دل جیتنے‘‘ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا: ’’ایسی کوتاہیاں نہ ہوں جو ہم وطنوں کو نقصان پہنچائیں۔‘‘ یاد رہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ آج ایک روزہ دورے پر جموں پہنچے تھے۔
جموں صوبے کے دورے کے دوران راجوری ضلع میں فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا، ’’حکومت آپ کی بہبود کے لیے پر عزم ہے۔ آپ ملک کے محافظ ہیں، لیکن ساتھ ہی ساتھ آپ پر ہم وطنوں کے دل جیتنے کی ایک بڑی ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے۔ مجھے معلوم ہے کہ آپ اپنی سطح پر کوششیں کر رہے ہیں لیکن کچھ کوتاہیاں بھی ہو رہی ہیں۔
’’ایسی کوتاہیاں نہیں ہونی چاہئیں جو ہم وطنوں کو نقصان پہنچائیں۔ ملک کی حفاظت کے علاوہ عوام سے رابطہ قائم کرنے اور ان کا اعتماد حاصل کرنے کی کوششیں کی جائیں۔‘‘ وزیر دفاع نے فوجی اہلکاروں کی بہادری اور عزم کی ستائش کرتے ہوئے کہا: ’’میں آپ کی بہادری اور استقامت پر یقین رکھتا ہوں۔ دہشت گردی کو جموں کشمیر سے ختم کیا جانا چاہیے اور آپ کو اس عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ آپ فتح حاصل کریں گے۔‘‘ راج ناتھ سنگھ نے فوجی اہلکاروں سے ’’دہشت گردی کا جموں کشمیر سے مکمل خاتمہ کرنے میں حکومت کی پوری طرح سے امداد‘‘ کی بھی یقین دہانی کی۔