جموں:جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں کوکرناگ انکاؤنٹر سے پہلے بھی حالات اچھے تھے اور اس کے بعد بھی حالات اچھے ہیں۔انہوں نے کوکرناگ انکاؤنٹر کو ایک کامیاب آپریشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'میں اس آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں'۔موصوف پولیس سربراہ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو ضلع ریاسی میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'جموں وکشمیر میں کوکرناگ انکاؤنٹر سے پہلے بھی حالات اچھے تھے اور اس کے بعد بھی یہاں حالات اچھے ہیں'۔ان کا کہنا تھا کہ ' عسکریت پسند جہاں بھی چھپے ہوتے ہیں چاہیے جنگل میں ہوں یا پہاڑوں پر ان کا پیچھا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے'۔
سنگھ نے کہا کہ 'کوکرناگ انکاؤنٹر میں بھی کسی خاص عسکریت پسند کی کمیں گاہ کے بارے میں اطلاع تھی جس کے مطابق سکیورٹی فورسز وہاں گئے تھے'۔انہوں نے کہا کہ 'جو فائر پہلے کرتا ہے تو دوسرے کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے اس آپریشن کے دوران بدقسمتی سے پہلے عسکریت پسندوں نے فائر کیا جس کی وجہ سے ہمیں اپنے بہادر افسروں اور ایک بہادر جوان کا نقصان اٹھانا پڑا'۔