جموں و کشمیر میں آج بھی متعدد مقامات پر لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر پیغمبر اسلامﷺ کی شان میں توہین آمیز باتیں کرنے والے بھارت رکھشا منچ کے رہنما و کارکنان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
جموں و کشمیر پولیس نے پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز باتیں کرنے کے معاملے میں مقدمہ درج کر کے گرفتاری عمل میں لائی ہے اور آج تیسرے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس کی شناخت روہت شرما کے طور پر ہوئی ہے۔
اہانت رسول معاملے میں تیسری گرفتاری - ahanat e rasool issue
جموں و کمشیر میں عوام نے بھارت رکھشا منچ کے عہدیداروں و کارکنان کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
جموں خطہ کے انسپکٹر جنرل آف پولیس مکیش سنگھ نے اس بات کی تصدیق کی کہ توہین آمیز بیان پر تیسرے شخص کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور ملزم کے خلاف پکا ڈنگا پولیس اسٹیشن میں مقدمہ نمبر 100/2020 درج کیا گیا ہے۔
معاملے میں ای جی جموں نے عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کی اور قصور واروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح ہو کہ اتوار کو بھارت رکھشا منچ کے لیڈر کی توہین آمیز باتوں پر مبنی ویڈیو وائرل ہوتے ہی جموں و کشمیر میں رہنے والے تمام مذاہب کے لوگوں میں شدید غم و غصہ پیدا ہوا۔ جموں میں کچھ جگہوں پر لوگوں نے سڑکوں پر آکر مذکورہ لیڈر کے خلاف اپنا احتجاج درج کیا تاہم کہیں سے بھی کسی پرتشدد احتجاج کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔