جموں (جموں کشمیر) :صوبہ جموں کے سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میں گزشتہ برس اوآخر میں ہوئے عسکری حملوں میں اضافے کے پیش نظر فوج اور بی ایس ایف کے اعلیٰ افسران کے علاوہ مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی ان علاقوں کا دورہ کیا تھا۔ منگل کو سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ بھی جموں کے دورے پر آنے والے تھے تاہم خراب موسم خاص کر دھند کے پیش نظر ان کا دورہ منسوخ کر دیا گیا۔ وہیں آج جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیر صدارت ایک اہم سکیورٹی اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس میں سکیورٹی گرڈ کو مضبوط بنانے کے متعلق اہم فیصلے لیے جانے کی توقع ہے۔
میٹنگ میں جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ سمیت دیگر سیکورٹی ایجنسیز کے اعلیٰ افسران بھی شامل رہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ سیکورٹی اجلاس اس لحاظ سے بھی کافی اہمیت کا حامل کہ یہ ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دو جنوری کو جموں و کشمیر خاص کر صوبہ جموں کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا تھا، اس اجلاس میں منوج سنھا، جموں و کشمیر پولیس سربراہ آر آر سوین سمیت کئی دیگر سیکورٹی ایجنسیز کے سربراہان نے شرکت کی تھی۔