جموں:بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جموں و کشمیر اکائی کے ترجمان ‘ابھینؤ شرما کا کہنا ہے کہ ریاسی میں گرفتار لشکر طیبہ سے وابستہ عسکریت پسند طالب حسین کا ان کی پارٹی کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ شرما نے کہا کہ بی جے پی کے آفیشل ریکارڈ میں وہ پارٹی کا کوئی رکن ہی نہیں ہے۔ BJP on Talib Hussain Arrest
انہوں نے کہا کہ طالب حسین کی ایک صحافی کی حیثیت سے پارٹی کے جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ سے ملاقات ہوئی تھی اور اس کو پارٹی میں لیڈروں کی آمد و رفت پر نظر رکھنے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔ ترجمان نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
شرما نے کہا کہ "کچھ وقت سے سوشل، الیکٹرانک، پرنٹ یہاں تک کہ قومی میڈیا پر بھی خبریں آرہی ہیں کہ طالب حسین نام کا لشکر طیبہ کا عسکریت پسند جس کو ریاسی کے لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا، بی جے پی کی آئی ٹی سل کا انچارج تھا۔"
بی جے پی ترجمان نے کہا کہ میں یہ صاف کرنا چاہتا ہوں کہ بی جے پی کے ریکارڈ میں طالب حسین بنیادی رکن بھی نہیں ہے۔ ہاں ایسا ہوا ہے کہ وہ ایک صحافی کی حیثیت سے بی جے پی جموں و کشمیر کے یونٹ کے صدر رویندر رینہ سے انٹرویو لینے کے لیے ایک دو بار ملا ہے جس سے اس کا پارٹی میں آنا جانا بڑھ گیا۔"