جموں :جموں و کشمیر میں امرناتھ یاترا کے لیے 2,500 سے زائد موبائل بیت الخلاء بنائے جائیں گے، جن میں سے زیادہ تر کوہ ہمالیہ میں سطح سمندر سے 3,880 میٹر کی بلندی پر واقع امرناتھ یاترا کے دو راستوں پر نصب کیے جائیں گے۔ یکم جولائی سے شروع ہونے والی 62 روزہ امرناتھ یاترا میں اس بار یاتریوں کی تعداد میں گزشتہ برس کے مقابلہ میں اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ وسطی کشمی رکے بالتل علاقہ میں 940 سے زائد بیت الخلاء اور جنوبی کشمیر کے پہلگام علاقہ میں 1,345 بیت الخلاء تعمیر کیے جائیں گے۔ ان بیت الخلاء کے انتظام کے لیے 1,370 اہلکار بشمول سویپر اور سپروائزر تعینات کیے جائیں گے۔ حکام نے بتایا کہ جموں شہر میں یاتری نواس اور دیگر مقامات پر اضافی 120 بیت الخلاء بنائے جائیں گے۔ لکھن پور - جو جموں و کشمیر کا داخلی مقام ہے - پر بھی اس بار گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ بیت الخلاء ہوں گے۔
موبائل ٹوائلٹس کی تنصیب کے لیے ٹینڈر طلب کیے گئے ہیں۔ کٹھوعہ، سانبہ، جموں، ادھم پور، رام بن، اننت ناگ، سرینگر اور گاندربل اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بیت الخلاء کی ضرورت کے بارے میں تفصیلات فراہم کرنے کو کہا گیا ہے۔ بیت الخلاء کی تعمیر کے دوران جل شکتی محکمہ کے انجینئر بھی شامل ہوں گے تاکہ یاترا کے دوران پانی کی کمی نہ ہو۔