جموں (جموں و کشمیر) :ضلع جموں کے جانی پور علاقے میں ایک خاتون ڈاکٹر کے قتل کی تحقیقات کے لیے ڈی وائی ایس پی بخشی نگر، جموں، کی قیادت میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے۔ ایس آئی ٹی میں اسٹیشن انچارج جانی پور اور ایک ایس آئی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ قتل کے اس معاملہ کی حساسیت کے بعد جموں و کشمیر پولیس افسران نے معاملے کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی تاکہ معاملے کی منصفانہ جانچ کو یقینی بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ منگل کے روز ڈینٹل سرجن جوہر گنائی ولد محمود گنائی نے جانی پور علاقے میں تالاب تلو کی رہنے والی ڈینٹل سرجن سمیدھا نامی ایک خاتون کو مبینہ طور اپنے گھر بلا کر اس کا قتل کر دیا ۔ بعد ازاں ملزم نے خودکشی کی بھی کوشش کی اور اس وقت وہ ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ دونوں کا تعلق چونکہ مختلف مذاہب سے ہے لہٰذا کسی بھی طرح کی سازشی عناصر کو قبل از وقت کچلنے اور مذہبی و سماجی رواداری کو برقرار رکھنے کی غرض سے پولیس نے معاملہ کی تہہ تک پہنچنے اور غیر جانبدارانہ جانچ کے لیے SITتشکیل دی ہے۔