جموں میں واقع اس دکان پر دور دراز علاقوں سے لوگ مٹی کے برتن اور دیگر چیزوں کی خریداری کے لیے آتے ہیں۔ ایک جانب موجودہ دور میں جہاں لوگ اسٹیل، پلاسٹک، شیشے اور فائبر وغیرہ سے بنے برتنوں میں کھاتے ہیں وہیں مٹی کے برتنوں کے استعمال کے اپنے الگ فوائد ہیں۔
خریداروں کے مطابق مٹی کے برتن میں پکا ہُوا کھانا صحت کے لیے مفید ہوتا ہے اور ماہرین آج بھی کھانا پکانے کے لیے مٹی کے برتن تجویز کرتے ہیں۔
ایک زمانہ تھا جب لوگ مٹی کے برتنوں کا استعمال کرتے تھے لیکن وقت کے ساتھ زمانہ بھی تبدیل ہوا اور لوگ مٹی کے برتنوں کا استعمال کم کرنے لگے لیکن ایک طبقہ آج بھی مٹی سے بنے برتنوں کو فوقیت دیتا ہے جس کی مثال جموں میں واقع اس دکان پر دیکھی جاسکتی ہے جہاں مٹی سے بنی اشیاء کے خریدار نظر آتے ہیں۔
دوکان کے مالک ساحل مہاجن نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ان کی دوکان سنہ 1942 سے شہیدی چوک میں ہے اور ان کے آباء و اجداد اس پیشے سے وابستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب لوگوں نے مٹی کے برتنوں کا استعمال کم کردیا تھا لیکن اب دوبارہ ان برتنوں کے استعمال میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔