ویران جموں توی ریلوے اسٹیشن پر نہ تو کوئی ٹرین ہے نہ ہی ٹرین سے سفر کرنیوالے مسافر، جس کا سامان اٹھا کر یہ قلی چند پیسے کما سکیں۔ قلیوں کا کہنا ہے کہ حکومت سے انہیں کوئی امداد نہیں ملی، جس کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مسافروں کا بوجھ اٹھانے والے قلی فاقہ کشی پر مجبور - جموں کی اہم خبرین
کورونا وائرس کا پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں میں بھی لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے، ایسے میں ریلوے پلیٹ فارم پر مسافروں کا بوجھ اٹھانے والے قلی بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔ ٹرینوں کے بند کیے جانے کے بعد ہاتھوں پر ہاتھ دھرے بیٹھے بے روزگار قلی فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔
کورونا وائرس کی وجہ سے ریلوے سروسز معطل ہونے کے باعث غریب مزدوروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،کام نہ ہونے کے باعث نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے۔جموں توی ریلوے اسٹیشن پر کام کرنے والے قلیوں کا کہنا ہے کہ' کوروناوائرس سے نمٹنے کے لئے جاری جدوجہد سے ان کا کام بند پڑا ہے، انہیں دو وقت کی روٹی ملنا بھی محال ہوگیا ہے۔
حکومت نے آج تک ان کی کوئی مدد نہیں کی، انہوں نے حکومت سے اپیل کیا کہ ٹرین سروسز کو بھی بحال کیا جائے جس طرح گاڑیوں کی آمد رفت کو بحال کیا گیا ہے، تاکہ انہیں بےروزگاری سے دوچار نہ ہونا پڑے۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو غریب مزدور دیہاڑی دار طبقے کے لئے فوری حکومتی امداد اور روز گار کے حوالے سے محفوظ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔