صوبہ جموں میں رہبر کھیل کے تحت کام کر رہے فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز نے انتظامیہ سے تنخواہوں میں اضافے کی اپیل کی ہے۔
فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز کا کہنا ہے کہ قلیل تنخواہ کی وجہ سے وہ اپنے روز مرہ کے اخراجات بھی پورے نہیں کر پا رہے ہیں جس وجہ سے انہیں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
رہبر کھیل ٹیچرز کی تنخواہوں میں اضافے اور مستقلی کی اپیل ضلع ادھمپور سے جموں آئیے ہوئے فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز نے ای ٹی وی بھارت کےساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے مطالبات کو لیکر برسراقتدار سیاسی جماعتوں سے لیکر گورنر انتظامیہ تک اپنے مطالبات پہنچائے، تاہم انکے مطابق انہیں ’’وعدوں کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔‘‘
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز کا کہنا تھا کہ انہیں ماہانہ صرف تین ہزار روپے تنخواہ دی جاتی ہے جو انکے ساتھ ’’سراسر نا انصافی‘‘ ہے، جبکہ سات برس کام کرنے کے بعد انہیں مستقل کیا جائے گا۔ انہوں نے اس طرح کی پالیسی کو سراسر نا انصافی قرار دیا۔
انہوں نے انتظامیہ سے تنخواہوں میں اضافہ کرنے اور مستقلی کی مدت سات سے دو برس کیے جانے کا پُر زور مطالبہ کیا۔