جموں:جموں و کشمیر کو عسکریت پسندوں اور جرائم سے پاک بنانے کی مہم کو مزید موثر بنانے کے لیے ریاست میں فنگر پرنٹ بیورو Finger Print Bureauتشکیل دیا جائے گا۔ اس کی کمان ایس ایس پی رینک کے افسر کے پاس ہوگی۔ ایف بی پی کے لیے ریاستی انتظامیہ نے ایس ایس پی رینک سے کانسٹیبل تک 73 اسامیوں کی منظوری دی ہے۔
جموں و کشمیر میں کوئی فنگر پرنٹ بیورو نہیں ہے اور محکمہ پولیس گزشتہ کئی برسوں سے اس کا مطالبہ کر رہا تھا۔ اس کی غیر موجودگی میں کئی بار پولیس کو مجرموں کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کے لیے سی ایف ایل کی مدد لینی پڑتی تھی اور محکمہ پولیس کے مطابق اس سے اکثر و بیشتر تفتیش متاثر ہوتی تھی۔ ایف پی بی کے قیام سے پولیس کو مجرموں اور عسکریت پسندوں کی نشاندہی کرنے اور دیگر جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو ڈھونڈ نکالنے میں مدد ملے گی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق فنگر پرنٹ بیورو کی تشکیل کے لیے درکار افسران اور اہلکاروں کی اسامیوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس میں، ایس ایس پی اور ایس پی رینک کی ایک ایک، ڈی وائی ایس پی رینک کی دو، انسپکٹر رینک کی سات، سب انسپکٹر رینک کی 22، ہیڈ کانسٹیبل رینک کی سات، سلیکشن گریڈ کانسٹیبل رینک کی 28 نشستیں Posts شامل ہیں۔ ان کے علاوہ انسپکٹر سٹین اور انسپکٹر منسٹریل، سب انسپکٹر اور سب انسپکٹر منسٹریل اور ہیڈ کانسٹیبل منسٹریل کے لیے ایک ایک پوسٹ مختص رکھا گیا ہے۔