جموں: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو اعلان کیا کہ ان کی انتظامیہ آنے والے دنوں میں پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے 17,000 بے زمین قبائلی استفادہ کنندگان کو پانچ مرلہ زمین دے گی۔ انہوں نے یہ اعلان جموں کے کنونشن سنٹر میں 'ٹرائبل پرائیڈ ویک' کی تقریب میں کیا۔
منوج سنہا نے کہا کہ انتظامیہ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ پانچ مرلہ زمین ان لوگوں کو دی جائے گی، جو پردھان منتری آواس یوجنا کے اہل ہیں اور جن کے پاس اپنی زمین نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام قبائلی برادریوں کے حقوق اور فوائد کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ منوج سنہا نے کہا کہ فیبل پلان کے تحت فراہم کیے جانے والے مکانات سے میں واقف ہوں۔ تقریباً 17000 لوگ ہیں۔ خاص کر بکروال بھائی۔ باقی ہماری برادری کے لوگ ہیں جن کے پاس زمین نہیں ہے۔ میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر انتظامیہ آنے والے دنوں میں تمام اہل لوگوں کو پانچ مرلہ اراضی فراہم کرے گی، تاکہ ان کا اپنا گھر بنانے کا خواب پورا ہو سکے۔