پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کو لے کر جموں کے تمام خطوں میں کانگریس کے رہنماؤں نے مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پٹرل، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں کمی کیے جانے کا مطالبہ کیا۔
احتجاج میں شامل کانگریس کے کارکنان و لیڈران نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا: ’’سرکار ایندھن کی قیمتوں میں کمی کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔‘‘
جموں میں پٹرول اور ڈیزل کے خلاف علامتی احتجاج درج کرتے ہوئے جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے کہا کہ ’’ملک میں پٹرول کی قیمت چالیس روپیے فی لیٹر ہونی چاہئے تھی جو آج سو روپیے فی لیٹر ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’مہنگائی کے خلاف کانگریس پارٹی ملک گیر علامتی احتجاج درج کر رہی ہے تاکہ مودی سرکار خواب غفلت سے بیدار ہو سکے۔‘‘