جموں و کشمیر پولیس نے کہا ہے کہ انہوں نے اتوار کے روز جموں سے اسلامک اسٹیٹ جموں و کشمیر (آئی ایس جے کے) کے ایک خودساختہ کمانڈر کو گرفتار کر کے ممکنہ عسکری حملہ کو ناکام بنایا ہے۔
جموں زون کے انسپکٹر جنرل پولیس مکیش سنگھ نے کہا کہ کشمیر کے جنوبی ضلع کولگام کے گاؤں یاری پورہ کا رہائشی ملک عمیر عرف عبد اللہ کو جموں پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جھجر کوٹلی کے مقام سے گرفتار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'عسکریت پسند کو شام سات بجے کے قریب ایک مخصوص اطلاع پر گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے ایک پستول، آٹھ گولیاں اور 1.13 لاکھ روپے برامد کئے گئے۔'
انہوں نے کہا کہ 'اس کی گرفتاری کے ساتھ ہی ممکنہ عسکری حملہ کو روک دیا گیا ہے جو سیکیورٹی فورسز کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے۔'