جموں:جموں و کشمیر پولیس میں عارضی طور پر کام کرنے والے ایس پی اوز کو مستقل سے متعلق دائر کردہ عرضی پر سماعت 28 مارچ کو جموں و کشمیر ہائی کورٹ میں ہوگی۔ ایس پو اوز کا معاملہ اٹھانے والے سماجی کارکن سیوا سنگھ بالی نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر پولیس کے ایس پی اوز کو ریگولرائز کرنے کے لیے پالیسی وضع کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی اوز عرصہ دراز سے ایمانداری کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور انہوں نے جموں و کشمیر کے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت ہند کی طرف سے ایس پی اوز کی تنخواہوں میں اضافے کے حالیہ احکامات نے نئے مقرر کردہ ایس پی اوز کو کوئی فائدہ نہیں دیا۔ بالی نے کہا کہ حکومت کو ایس پی اوز کو ریگولرائز کرنے کی پالیسی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کرنی چاہیے کیونکہ اس سے 35,000 خاندانوں کو فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب تک وہ اس سلسلے میں کئی افسران اور وزراء کو خط لکھ چکے ہیں لیکن اس معاملے پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور فائلیں ابھی تک سول سیکرٹریٹ جموں میں زیر التوا ہیں۔ جس کے بعد اب انہیں جموں و کشمیر ہائی کورٹ سے امید ہے کہ کے مسائل یہاں حل ہوجائیں گے۔