سرینگر میں گوجروں اور بکروال سماج نے اونچی ذات کے پہاڑیوں کو شیڈول ٹرائب (ST) کی فہرست میں شامل کیے جانے کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین دھمکی دے رہے ہیں کہ اگر مرکز پارلیمنٹ میں پیش کردہ بل کو واپس لینے میں ناکام ہوتا ہے، تو وہ احتجاج کو تیز کریں گے۔ اور اپنے مویشیوں کے ساتھ سڑکوں پر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے ملک میں رہنے والے لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ "اونچی ذات کے پہاڑی لوگوں کو شامل کرنے کا بی جے پی کا اقدام ایک سنگین اشتعال انگیزی اور قبائل مخالف ہے اور اس کا مقصد ایک برادری کو دوسری برادری کے خلاف کھڑا کرنا ہے۔" گجروں اور بکروالوں نے اتوار کو جموں شہر میں تین الگ الگ بلوں کو متعارف کرانے کے مرکز کے اقدام کے خلاف مشعل ہاتھوں میں اٹھاتے ہوئے احتجاج کیا۔ ان بلوں میں آئین (جموں و کشمیر) شیڈول کاسٹس آرڈر (ترمیمی) بل، 2023، آئین (جموں و کشمیر) شیڈول ٹرائب آرڈر (ترمیمی) بل، 2023 اور جموں و کشمیر ریزرویشن (ترمیمی) بل، 2023 شامل ہیں۔
بل کے منظور ہونے کے بعد یہ پہاڑی گڈا برہمنوں اور کولوں کو یونین ٹیریٹری (UT) میں ایس ٹی کی فہرست میں شامل کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔ مرکز والمیکیوں کو بھی درج فہرست ذاتوں کی فہرست میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ قبائلیوں نے بی جے پی پر غیر قبائلیوں کو ایس ٹی کا درجہ دینے کا الزام لگایا ہے کہ وہ اسے اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے اور چناب وادی میں انتخابی فائدہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے، جہاں زیادہ تر پہاڑی اور غیر قبائلی برادریاں آباد ہیں۔