جموں صوبے میں بڑے پیمانے کے پروجیکٹوں کے کام میں سرعت لانے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج جموں صوبے کے اہم ترقیاتی پروجیکٹوں کا یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ میں مفصل جائزہ لیا۔ اور چھ جگہوں پر پانچ سمارٹ وائی فائی کنکٹیوٹی کا ای ۔ افتتاح کیا۔
میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیران کیول کمار شرما اور راجیو رائے بھٹناگر، چیف سیکرٹری بی وی آر سبرامنیم، پرنسپل سیکرٹری تعمیراتِ عامہ دھیرج گپتا، پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیپارٹمنٹ روہت کنسل، صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں سشما چوہان، کمشنر جے ایم سی، اونی لواسا، مختلف محکموں کے سربراہوں، چیف انجینئروں اور دیگر اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر کے عوام کو بہترین ترقیاتی بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کے لئے ایک مؤثر لائحہ عمل پر اختیار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے خطے میں بھاری پیمانے پر ترقیاتی تبدیلی لانے کے لئے تمام متعلقین کی جانب سے مشترکہ کوششوں کو لازمی قرار دیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بین محکمہ جاتی تال میل پر زور دیتے ہوئے مشیران اور چیف سیکرٹری کو ان پروجیکٹوں کی باقاعدہ نگرانی کرنے کے لئے کہا تاکہ زمینی سطح پر نتائج کا حصول یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے افسران کو قریبی تال میل قائم کر کے ان ترقیاتی کاموں میں درپیش رُکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے کہا اور ان کی بروقت تکمیل یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو دستیاب وسائل کا منصفانہ استعمال کر کے اور ترقیاتی عمل میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور دور کرنے کے لئے کہا۔
چند پروجیکٹوں کی تکمیل میں تاخیر کا سنگین نوٹس لیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنرنے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ کوئی بھی پروجیکٹ بلا وجہ تعطل کا شکار نہ ہو۔ عوام کی فلاح وبہبود اور ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ترقیاتی پروجیکٹ خطے کی کلہم ترقی کی بنیاد ہے اور جموں وکشمیر کے عوام نے موجودہ حکومت سے کافی امیدیں وابستہ ہیں اور تمام ترقیاتی پروجیکٹوں کو بروقت مکمل کر کے لوگوں کی ترقیاتی آرزﺅں کو پورا کر نے کے لئے کہا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مبارک منڈی ہیئر ٹیج کمپلیکس کی بحالی پروجیکٹ کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تکنیکی نگرانی اور ڈیزائننگ کے لئے انجینئروں کومبارک منڈی ہیرٹیج کمپلیکس تعینات کرنے کی ہدایت دی۔
خطے میں مستحکم ڈھانچے پر زور دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے میگا پروجیکٹوں جیسے جموں میں ایمز، میڈیکل کالجوں اور ہسپتالوں کی تعمیرا ت میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔ بس سٹینڈ میں ملٹی لیول پارکنگ پروجیکٹ کے بارے میں لیفٹیننٹ گورنر کو بتایا گیا کہ میگا پروجیکٹ میں 80 بس بیز، 167دکانوں ، 1312 گاڑیوں کی رکھنے کی جگہ، 177 ٹو وہیلر پارک کرنے کی جگہ ، 85,000 مربع فٹ تجارتی مقاصد کے لئے جگہ پرمشتمل ہے اور تکمیل کے حتمی مراحل میں ہے اور اس کوماہ اکتوبر میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
جموں صوبہ میں ٹاون شپ کی ترقی کے بارے میں انہیں بتایا گیا کہ 11 جگہوں کی کم لاگت والے مکانات کی تعمیر کے لئے نشاندہی کی گئی ہے۔ اور یہ ٹاون شپ جموں، کٹرا، ادھم پور، اور اکھنور ماسٹر پلان کے تحت تعمیر کئے جارہے ہیں۔
نگروٹہ اور مٹھی میں جے ڈی اے کے ہاوسنگ پروجیکٹوں کاجائزہ لینے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے ہاوسنگ پروجیکٹوں میں کمرشل کمپلیکس شامل کرنے کے لئے کہا تاکہ انہیں مزید منافع بخش بنایا جاسکے۔
لیفٹیننٹ گورنر کو نگروٹہ میں فلیٹوں کی مجوزہ تعمیر اور نگروٹہ اوّل جو بالترتیب 754 فلیٹوں اور 180 فلیٹیوں پر مشتمل ہیں جن پر بالترتیب 297.06 کروڑ اور 82.64 کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے ۔انہیں ادھے والا میں پی ایم اے وائی کے 192فلیٹ ، مٹھی 192فلیٹ، مجین 384 اور نگروٹہ میں 240فلیٹوں کی مجوزہ تعمیر کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
جموں میں چھ مقامات پر مفت وائی فائی سروس کا افتتاح - جموں وکشمیر
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کے عوام کو بہترین ترقیاتی بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کے لئے ایک مؤثر لائحہ عمل اختیار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے خطے میں بھاری پیمانے پر ترقیاتی تبدیلی لانے کے لئے تمام متعلقین کی جانب سے مشترکہ کوششوں کو لازمی قرار دیا۔
انہوں نے سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جنکشن میں بہتری لانے کے لئے اس کے تحت انہوں نے شکنتلا جنکشن ، کرن نگر جنکشن ، پرسار بھارتی اور سی پی او جنکشن ، پریم نگر اور گوجر نگر جنکشن ، ڈسٹرکٹ جیل جنکشن ، ویویکانند جنکشن ، میاں ڈیڈو ، پر 10.02 کروڑ روپے صرف کئے جارہے ہیں ۔ پروجیکٹ کی تکمیل سے ٹریفک کے نقل و حمل میں بہتری لانے اور پائید ل چلنے والوں کے لئے نقل و حمل بہتر سہولیت فراہم رکھنے کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں سمارٹ سٹی مشن کے تحت پانچ مقامات پرسمارٹ سٹی وائی فائی کنکٹیوٹی کا ای افتتاح کیا جن میں رگوناتھ بازار، ریذیڈنسی روڈ، مبارک منڈی سے پریڈ چوک، باہو فورٹ، اپسرا روڈ اور گرین بیلٹ پارک شامل ہیں۔ انہوں نے حکام کو جموں شہر کے باقی ماندہ مقامات جہاں یہ سہولیت بہم رکھنی ہے کے لئے فوری طور مفصل پروجیکٹ رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت دی۔
توی گیٹیڈ پروجیکٹ کا جائزہ لینے کے لئے چیف انجینئر آبپاشی و فلڈ کنٹرول نے انہیں جانکاری دی کہ آئی آئی رور کی کو ڈیزائن کی تیاری کے لئے خدمات فراہم حاصل کی گئی ہے اور ان کو اس سلسلے میں ڈیٹا بھیج دیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے اس کی باقاعدگی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اجناس منڈی سے متعلق تمام مسائل کا ازالہ ترجیحی بنیاد پر کرنے کی ہدایت دی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے دیگر اہم ترقیاتی پروجیکٹوں بشمول جموں ۔ اکھنور سڑک، آئی ٹی پارک، اوجھ کثیر المقاصد پروجیکٹ، شاہ پور کنڈی پروجیکٹ، جمبو زو، میکا نائزڈ کار پارکنگ، ہوائی اڈے کی توسیع وغیر ہ کا بھی دوران میٹنگ جائزہ لیا۔
لیفٹیننٹ گورنر کو بتایا یا کہ جموں شہر میں 4825کروڑ روپے کی لاگت سے الیویٹیڈ لائیٹ ریل ٹرانزٹ سسٹم کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔ انہوں نے کمشنر جے ایم سی کو وزیر اعظم ایس وی اے این ندھی یوجنا کے دائرے میں باقی ماندہ خوانچہ فروشوں کو لانے کی ہدایت دی۔