جموں (جموں کشمیر) :کانگریس پارٹی کی جانب سے جموں میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی کے جموں کشمیر کے نو منتخب انچارج اور سابق مرکزی وزیر بھرت سنگھ سولنکی نے پارٹی کارکنان سے خطاب کیا۔ سولنکی کے علاوہ غلام احمد میر، اے آئی سی سی جنرل سیکریٹری کے علاوہ پارٹی کے ریاستی صدر وقار رسول وانی سمیت دیگر سرکردہ لیڈران نے اجلاس کے دوران عوام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر کانگریس سے وابستہ کئی کارکنان، محبین نے جلسے میں شرکت اختیار کی۔ قبل ازیں سولنکی کی آمد پر جموں ہوائی اڈے پر پارٹی کے سینکڑوں کارکنان اور رہنما بشمول جی اے میر جمع ہوئے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
جموں کشمیر کانگریس کے سیاسی امور کے انچارج سولنکی نے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آنے والے دنوں میں کانگریس بڑے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی اور پارٹی نچلی سطح کے ہر کارکن کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھے گی۔‘‘ سابق وزیر سولنکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’آج ملک محفوظ ہاتھوں میں نہیں ہے اور ذات پات اور مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرنے کی سیاست کا خاتمہ آنے والے انتخابات سے ہوگا۔‘‘