سرینگر (جموں و کشمیر) :جموں خطہ سمیت وادی کشمیر کے کئی اضلاع میں، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق، گزشتہ شب سے ہی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بارشوں کی وجہ سے جموں کے توی دریا سمیت دیگر ندی نالوں میں پانی کے گیز بہاؤ کے سبب حکام نے عوام سے ندی نالوں سے دور رہنے کی تلقین کی ہے۔ جموں شہر میں دریائے توی کے پانی کی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی ہے۔ اس وقت جموں شہر میں دریائے توی میں پانی کی سطح 13 فٹ پر ہے جبکہ، حکام کے مطابق، یہاں الرٹ کی سطح 14 فٹ ہے اور خطرے کی سطح 17 فٹ ہے۔
صوبہ جموں کے راجوری، پونچھ، ادھم پور، رام سمیت دیگر اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر، سرینگر جموں شاہراہ (ہائی وے این ایچ 44) کو رام بن ضلع میں خراب موسم کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ رام بن ضلع میں سرینگر جموں شاہراہ پر کئی مقامات پر مٹی کے تودے گر آنے اور چٹانین کھسکنے کی وجہ سے انتظامیہ نے ہائی وے پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی ہے اور محکمہ کی ٹیمیں ملبہ صاف کرنے میں لگی ہوئی ہے۔