جموں:جموں کشمیر کے ارنیا علاقے میں پاکستان کی فائرنگ کے بعد بارڈر سکیورٹی فورس اور پاک رینجرز کے درمیان فلیگ میٹنگ ہوئی۔ اس ملاقات کے دوران بی ایس ایف نے سرحد پر فائرنگ کے حوالے سے پاک رینجرز کے خلاف شدید احتجاج درج کرایا ہے۔ بی ایس ایف ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی رینجرس نے سیز فائر معاہدے پر من وعن عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اطلاعات کے مطابق ارینا سیکٹر میں گزشتہ روز پاکستانی رینجرس کی بلا اشتعال فائرنگ کے بعد ہفتے کے روز سچیت گڑھ سیکٹر میں فلیگ میٹنگ منعقد ہوئی۔معلوم ہوا ہے کہ اس میٹنگ کے دوران بی ایس ایف نے بغیر کسی اشتعال کے گولہ باری کرنے پر پاکستانی رینجرس کے سامنے اپنا احتجاج درج کیا۔ذرائع کے مطابق سچیت گڑھ جموں میں پاک بھارت افواج کے درمیان فلیگ میٹنگ کے دوران دونوں ممالک کے افواج نے سرحدوں پر امن قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔