جموں:لیجنڈ لیگ کرکٹ کا دوسرا سیزن بھارت کے پانچ شہروں میں کھیلا جارہا ہے۔ پہلی بار اس کے تین میچ جموں کے مولانا آزاد اسٹیڈم میں کھیلے جائیں گے۔جموں کے علاوہ رانچی، دہرادون اور سورت میں بھی اس لیگ کے میچ کھیلے جائیں گے۔
جموں و کشمیر کے کھیل کے شائقین کے لیے تین دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد خوشخبری ہے۔ کرکٹ شائقین آئندہ ماہ ایم اے اسٹیڈیم جموں میں سابق بین الاقوامی مشہور کھلاڑیوں کے میچ دیکھ سکتے ہے۔اس بار لیجنڈز لیگ کا دوسرا سیزن بھارت کے پانچ شہروں میں منعقد ہونے والا ہے۔اس میں جموں و کشمیر کا تاریخی کرکٹ گراؤنڈ بھی شامل ہے جو تین میچوں کی میزبانی کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی جموں و کشمیر کے لوگ بھارت کے لیجنڈ کرکٹرز سچن ٹنڈولکر، محمد کیف، سریش رائنا، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان، نمن اوجھا، ایرون فنچ، ہاشم آملہ، راس ٹیلر، کرس گیل وغیرہ کو کھیلتے ہوئے دیکھ سکیں گے۔
لیجنڈز لیگ کرکٹ کے حکام کے مطابق شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے،تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کون یا کس ٹیم کے کھلاڑی ایم اے اسٹیڈیم جموں آئیں گے۔لیجنڈز لیگ کے دوسرے سیزن میں 19 میچز ہوں گے جو 18 نومبر سے 9 دسمبر تک جاری رہیں گے۔ سب سے پہلے رانچی میں پانچ میچ کھیلے جائیں گے۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم، دہرادون اور ویزاگ میں بھی تین تین میچ کھیلے جائے گے۔ فائنل مقابلہ سورت کے لال بھائی کنٹریکٹر اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس میں 100 سے زائد سابق انٹرنیشنل کرکٹرز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔