جموں (جموں و کشمیر) :’’آئی آئی آئی ایم جموں میں بھنگ سے تیار کی جانے والی دوا ’لیوینڈر‘ کی طرح ملک میں ایک مثال قائم ہو گی۔‘‘ اس بات کا اظہار مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’بھنگ سے تیار کی جانے والی دوا کینسر، مرگی اور جوڑوں کے درد سے نجات دلانے میں نمایاں اور مثالی کردار ادا کرے گی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا کے تعاون سے CSIR-IIIM جموں کا ’’کینابیس ریسرچ پروجیکٹ‘‘ بھارت کا پہلا پروجیکٹ ہے جس میں برآمدی پیداوار کی بڑی صلاحیت ہے جو ذیابیطس، نیوروپتی، نیورولوجی، کینسر اور مرگی کے لیے معیاری دوا تیار کرتی ہے۔
مرکزی وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ ’’آئی آئی آئی ایم اور انڈس سکین کے مابین سائنسی معاہدے پر دستخط نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے ہندوستان کے لیے تاریخی معاہدہ ہے۔ اس میں وہ ادویات تیار کرنے کی صلاحیت ہے جو ملک کے اندر اور بیرون ملک برآمد کی جائیں گی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اب یہ منصوبہ جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ ڈاکٹر جتیندر نے مزید کہا کہ CSIR-IIIM، IIM، IIT، AIIMS وغیرہ جیسے اداروں کے درمیان تال میل ضروری ہے۔ انہوں نے ڈی ایس ٹی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ ایک ورکشاپ کا اہتمام کریں تاکہ چیلنجز اور مسائل کو موقع پر ہی حل کیا جا سکیں گے۔