جموں:جموں و کشمیر کے معروف اداکار، ہدایت کار اور ماہر تھیٹر آرٹست مشتاق کاک کا کل جموں میں انتقال ہوا۔ 62سال کے مشتاق کاک کینسر کے عارضہ میں مبتلا تھے۔ مشتاق کاک کی آخری رسومات جموں میں ادا کی گئیں اور انہیں سدھارا قبرستان میں سپرد لحد کر دیا گیا۔ مشتاق کاک کے انتقال پر جموں و کشمیر کی کئی ثقافتی اور تمدنی انجمنوں کے ساتھ ساتھ ادبی حلقوں اور فنکار برادری نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو ڈرامائی دنیا خصوصاََ تھیٹر کے لئے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔
جموں میں پیدا ہوئے مشتاق کاک پرفارمنگ آرٹ کے میدان میں ایک ممتاز مقام رکھتے تھے۔ سنگیت ناٹک اکادمی سے انہیں ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔ انہوں نے پانچ سال کے طویل عرصہ تک شری رام سینٹر، نئی دہلی کے ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ اپنے شاندار کیریئر کے دوران مشتاق کاک نے تقریباً سو سے زائد ڈراموں کی ہدایت کاری کی، بالی ووڈ کی دو درجن فلموں میں اداکاری کی اور دور درشن کے لیے تیس ڈرامہ سیریز کی ہدایت کاری کی۔ حال ہی میں ریلیز ہوئی بالی ووڈ فیچر فلم ’’غدر 2 "میں بھی انہوں نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔