جموں:جموں میں ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ اسی معاملے میں گورنمنت ہسپتال گاندھی نگر جموں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پروین یوگراج نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ پندرہ روز تک ایسے ہی کیسز آتے رہیں گے۔ اس کے بعد ڈینگی کی وباء کم ہو جائے گی۔ محکمہ صحت سے موصولہ اعداد و شمار کے مطابق کل 746 افراد ڈینگی کی علامات کے ساتھ معائنہ کے لیے آئے ہیں۔ جن میں سے کل 122 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی جن میں 14 بچے اور 35 خواتین شامل ہیں۔
جموں ضلع میں سب سے زیادہ 79 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ سانبہ میں سات، کٹھوعہ میں 15، ادھم پور میں 11، راجوری، پونچھ اور ڈوڈہ میں ایک ایک اور رامبن میں پانچ کیس رپورٹ ہوئے۔ کشمیر میں بھی دو کیس رپورٹ ہوئے۔ اب تک رپورٹ ہونے والے کل کیسز میں سے 2634 کیس جموں ضلع سے آئے ہیں جبکہ 260 کیس سانبہ، 307 کٹھوعہ، 477 ادھم پور، 41 ریاسی، 74 راجوری، 25 پونچھ، 30 ڈوڈا، 45 رامبن، چار کشتواڑ، 21 کشمیر اور دیگر سے 29 معاملات آئے ہیں۔