انڈین نیشنل کانگریس جموں و کشمیر کے چیف ترجمان رویندر شرما نے نیشنل کانفرنس پر ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات میں بی جے پی کو نہ چاہتے ہوئے فائدہ پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔
آئی این سی جموں و کشمیر کے چیف ترجمان رویندر شرما سے گفتگو کانگریس کے چیف ترجمان کے مطابق کانگریس اور نیشنل کانفرنس کا مقصد واضح ہے کہ بی جے پی اور انکی حامی پارٹیوں کو شکست دینا ہے، لیکن نیشنل کانفرنس نے نششتوں کی تقسیم پر اتفاق رائے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں میں جہاں پر انہیں اپنے امیدواروں کو کھڑا نہیں کرنا چاہیے تھا وہاں پر انھوں نے اپنے امیدوار کو کھڑا کیا ہے جس سے بی جے کو فائدہ پہنچنے کا قوی امکان ہے۔
انھوں نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف تو ہماری پارٹی پورے ملک میں لڑائی لڑ رہی ہے، اور آگے بھی لڑائی جاری رہے گی، اس لیے جموں و کشمیر میں بھی ہم انکے خلاف لڑرہے ہیں۔
گپکار الائنس کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے واضح کیا کہ کانگریس ابھی تک گپکار کے سیاسی ایجنڈے کا حصہ نہیں ہے، صرف اور صرف ہماری ملاقات سیٹ اگریمنٹ کو لیکر ہوئی تھی۔
جموں و کشمیر کی کچھ سیکولر پارٹیوں پر نشانہ سادھتے ہوئے رویندر شرما نے کہا کہ انکی وجہ سے بادل ناخواستہ اگر بی جے پی کو فائدہ پہنچتا ہے تو اس کی ذمہ دار کانگریس نہیں ہوگی۔
ڈی ڈی سی انتخابات میں بی جے پی کے سینیئر رہنماؤں کی آمد اور کانگریس کے رہنماؤں کے ندارد ہونے پر چیف ترجمان نے کہا کہ اس سے بی جے پی کی گھبراہٹ کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، اور کانگریس مقامی انتخابات میں مقامی رہنماوں کو ہی موقع دیتے ہیں، ایسے انتخابات میں سینئر رہنماوں کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔