جموں: بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چھگ نے منگل کے روز کہا کہ جموں وکشمیر میں بہت جلد چناو ہونگے۔انہوں نے مزید بتایا کہ تین خاندانوں نے جموں وکشمیر کو ٹیررزم کا دارلخلافہ بنایا لیکن مودی جی نے اسی جموں وکشمیر کا امن کا گہوارا بنایا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی خاندانی سیاست میں یقین نہیں رکھتی اور یہ کہ جب بھی الیکشن کا اعلان ہوگا بی جے پی اس کا خیر مقدم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے لوگوں سے وعدہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں بہت جلد چناو ہوں گے اور اس پر عمل بھی ہوگا۔ اُن کے مطابق چناو کمیشن نے ووٹر لسٹ پر اعتراضات مانگے ہیں یہ عمل پورا ہونے کے بعد الیکشن کا بھی اعلان ہوگا۔
انسداد تجاوزات مہم کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں بی جے پی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ سیاستدانوں نے سرکاری اراضی پر قبضہ کیا تھا جسے برخاست کرانا ضروری تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس سے وابستہ اکثر لیڈران نے سرکاری اراضی پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ دفعہ 370 کی منسوخی کے بارے میں بی جے پی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اس قانون کو ختم کرکے جموں وکشمیر کو حقیقی آزادی فراہم کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین خاندانوں مفتی، عبداللہ اور گاندھی نے ایک منصوبہ بند سازش کے تحت جموں وکشمیر کو ٹیررزم کا دارلخلافہ بنایا لیکن موجودہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کو امن کا گہوارا بنایا۔ ترون چھگ کے مطابق جموں وکشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی خاندان اب کشمیر میں چھٹیاں منانے کی خاطر آرہے ہیں۔