جموں:جموں و کشمیر میں کھیل خصوصاً کرکٹ کے شائقین کا کرکٹ لیجنڈز کو روبرو دیکھنے کا خواب تین دہائیوں سے بھی زائد عرصے کے بعد شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔ سابق بین الاقوامی کرکٹ کھلاڑی مولانا آزاد اسٹیڈیم میں میچ کھیلیں گے اور لیجنڈ میچ سے قبل اور سابق کھلاڑیوں کی شہر میں آمد سے قبل ہی مولانا آزاد اسٹیڈیم، جموں کو دلہن کی طرح سجایا جا رہا ہے جبکہ 8 ہزار شائقین کرکٹ نے پہلے ہی ٹکٹیں آئن لائن بک کی ہیں جبکہ 17 ہزار شائقین کرکٹ اس اسٹیڈیم میں بیک وقت میچ دیکھ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ لیجنڈ کرکٹ لیگ میں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی ہربھجن سنگھ، ایڈم فنچ، کرس گیل اور ایڈم گلکرسٹ سمیت کئی دیگر کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔
لیجنڈ لیگ کرکٹ کے پروڈکشن منیجر، جموں، دیپک رینہ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کرکٹ کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ جبکہ اسٹیڈیم میں پانچ ٹرفس کو تیار کرنے کا کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو دنوں کے اندر ہی 8ہزار سے بھی زائد ٹکٹ بک کی جا چکی ہے۔ ٹکٹ بکنگ کے حوالہ سے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شائقین کے لیے مختلف زمرے تشکیل دئے گئے ہیں اور ایک ٹکٹ کی قیمت 299 مقرر کی گئی ہے جبکہ 399 اور 499 آئن لائن فروخت کی جا رہی ہیں ۔
جموں کشمیر سپورٹس کونسل کے ممبر رنجیت کالرہ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران کہا کہ سنہ 1989 کے بعد جموں میں پہلا بڑا کرکٹ ایونٹ منعقد ہونے جا رہا ہے۔ ایم اے اسٹیڈیم میں 1989 کو بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ طے تھا تاہم وہ میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ کالرہ نے لیجنڈز لیگ کرکٹ کے منتظمین کی ستائش کرتے ہوئے کہا: ’’اتنے بڑے ایونٹ کے لیے جموں کو منتخب کرنا یقیناً ایک اعزاز ہے۔ ہم بھی پوری تیاری کر رہے ہیں اور میدان بھی تیار ہے۔‘‘ تاہم انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایونٹ کو چار چاند لگانے کے لیے جوق در جوق اسٹیڈیم آئیں۔