جموں:جموں و کشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں کے بھٹنڈی علاقہ میں یونائیٹڈ پیس الائنس (یو پی اے) نے ’’عید ملن‘‘ کا اہتمام کیا جس میں کئی سماجی و سیاسی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکت کرنے والوں میں ہندو، سکھ، مسلم اور عیسائی مذہب سے وابستہ مذہبی و سماجی شخصیات شامل تھیں۔ اس موقع پر سبھی مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد، لیڈران سے مذہبی ہم آہنگی کی صدیوں پرانی روایت کو برقرار رکھنے اور اس حوالہ سے شر پسند عناصر کی جانب سے رخنہ ڈالنے کی کوششوں کو ناکام بنانے اور عوام میں مذہبی رواداری اور اخوت کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اس ضمن میں منعقدہ پروگرام کے دوران سبھی مقررین نے موجودہ دور میں آپسی آپسی بھائی چارے کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ پروگرام میں معزز شہریوں کے ساتھ ساتھ علماء کرام نے بھی شرکت کی۔ سینئر سماجی رہنما اور یو پی اے کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’چند فرقہ پرست طاقتیں جموں وکشمیر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ جس کو نہ صرف سمجھے اور مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے بلکہ عوام کو بھی اس حوالہ سے بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔‘‘