جموں (جموں و کشمیر) :سابق وزیر چودھری لال سنگھ، جو اس وقت حراست میں ہیں، کو سخت سیکورٹی حصار میں جموں کے ایک اسپتال پہنچایا گیا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سابق وزیر اور ڈورہ سوابھیمان سنگٹھن پارٹی کے صدر چودھری لال سنگھ کو آر بی ایجوکیشنل ٹرسٹ کے قیام کے لیے زمین کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں گزشتہ شام جموں کی سینک کالونی سے گرفتار کیا تھا۔ لال سنگھ کو بدھ کی صبح صحت کی جانچ کے لیے گاندھی نگر اسپتال لے جایا گیا، یہاں سے انہیں جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق لال سنگھ کو ہائی بلڈ پریشر کی شکایت کے بعد ڈاکٹروں کی نگرانی میں جی ایم سی میں بھرتی کیا گیا ہے۔
ادھر، خبر منظر عام ہوتے ہی سابق وزیر کے حامی جی ایم سی جموں میں جمع ہوئے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی ان سے ملاقات کے لیے جی ایم سی جموں پہنچ رہے ہیں تاہم اسپتال میں پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی شخص کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن پارٹی کے لیڈران نے الزام عائد کیا کہ چودھری لال سنگھ کو جی ایم سی میں مناسب سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کو عدالت پر اعتماد ہے اور بی جے پی ان کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن جموں کے لوگوں کے لیے ان کی پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی۔