آج جموں میں ڈوگرہ فرنٹ اور شیوسینا کے کارکنان نے لداخ کی گلوان وادی میں ہلاک شدہ 20 فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
جموں کے رانی پارک علاقے میں ڈوگرہ فرنٹ کے کارکنان جمع ہوئے اور پھول چڑھا کر اور شمع روشن کر کے ہلاک شدہ فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس پر ڈوگرہ فرنٹ کے صدر اشوک گپتا نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'وزیراعظم نریندر مودی کو چاہیے کہ وہ چین سے بدلہ لیں۔'
انہوں کہا کہ آج کے بعد وہ لوگ چین کی تیار شدہ کوئی اشیاء نہیں خریدیں گے اور چینی مصنوعات کا مکمل طور پر بائیکاٹ کریں گے۔
جموں و کشمیر کے سماجی کارکن سکیش سنگھ کھجوریہ نے بھی مارے گئے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جو ہمارے جوان شہید ہوئے ہیں۔ میں ان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور ملک کے عوام سے اپیل کرتا ہوںکہ چین کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں معطل کریں اور چین کا بنا ہوا سامان استعمال نہ کریں۔