جموں:عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے دو سال کے وقفے کے بعد جموں یونیورسٹی میں سالانہ ’ڈسپلی یور ٹیلنٹ 2022-23‘ کا آغاز ہوا۔ اس ایونٹ میں یونیورسٹی سے منسلک ڈگری کالجز اور یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے طلباء نے 26 مختلف مقابلوں میں شرکت کی جن میں موسیقی، رقص، ادب، فنون لطیفہ اور تھیٹر کی سرگرمیاں قابل ذکر ہیں۔
جموں یونیورسٹٰ کے وائس چانسلر پروفیسر امیش رائے نے میگا ایونٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر گیتا سکوندرا نے کہا کہ ’’اس طرح کے پروگرام طلباء کو اپنی پنہاں صلاحیتوں کو جاننے اور سمجھنے کے قابل بناتے ہیں جو ان کی زندگی میں رہنمائی کا کام کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں غیر نصابی نہیں بلکہ خود نصاب کا ایک اہم حصہ ہیں اور مستقبل میں اس طرح کی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی توقع ہے۔‘‘