جموں: سینئر کانگریس لیڈر دِگ وجے سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’دفعہ 370 کی منسوخی کے باوجود جموں و کشمیر میں دہشت گردی ختم نہیں ہوئی ہے۔‘‘ سنگھ نے کہا کہ ’’حالیہ دہشت گردانہ حملے - بشمول راجوری ضلع کے دھانگری گاؤں میں ہونے والے حملے - تشویشناک ہیں۔‘‘ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نے یہ ریمارکس جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال میں دہشت گردی کے حملے کے متاثرین کی عیادت کے بعد کہے۔ سنگھ کے ساتھ پارٹی کے سینئر لیڈر جے رام رمیش اور جے اینڈ کے پردیش کانگریس کمیٹی کے چیف ترجمان رویندر شرما بھی تھے۔
سنگھ نے مریضوں کی عیادت کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’سب سے پہلے، ہم راجوری کے ڈونگری اور جموں کے ناروال علاقوں میں دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ جموں و کشمیر کی صورتحال وہ نہیں ہے جو آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ ٹارگیٹڈ اور چُنندہ قتل اور بم دھماکے ایک بار پھر شروع ہو گئے ہیں۔‘‘
یا درہے کہ یکم اور 2 جنوری کو راجوری کے ڈانگری علاقے میں مبینہ طور عسکریت پسندوں کے حملہ میں سات افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔ وہیں ہفتہ کو جموں کے مضافات میں ناروال علاقے میں دو پُر اسرار دھماکوں میں نو افراد زخمی ہوئے تھے۔