شعبۂ اردو جموں یونیورسٹی کے زیر اہتمام اردو اور ہندی کی نامور ادیبہ وشاعرہ سُدھاجین انجم کی تین کتابوں کی رسم رونمائی ہوئی اور شامِ غزل تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی کے پروفیسر ندیم احمد نے کی۔ University of Jammu Organized a Book Release Function۔ اس موقع پر سابق قانون ساز دویندرسنگھ رانا مہمان خصوصی رہے، جب کہ معروف صحافی سہیل کاظمی مہمان ذی وقار رہے۔ اس دوران ایوان صدارت میں صدر شعبۂ اردو پروفیسر محمد ریاض احمد بھی شامل تھے۔ اس موقع پر معزز شخصیات کے ہاتھوں سُدھاجین کی تین کتب بعنوان ”شاعری، دیوانگی اور زندگی “(اُردو شاعری)، ”تیسری آنکھ“ (اُردو شاعری) اور”فن اور شخصیت “(ہندی ) کا اجراء کیا گیا۔
اپنے خطاب میں دویندر سنگھ رانا نے شاعرہ و مصنفہ سدھاجین انجم کو اردو اور ہندی زبان میں اہم کتابیں تصنیف کرنے پرمبار کباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ان شعری مجموعوں کا سرسری جائزہ لینے سے ظاہر ہوتاہے کہ سدھاجین انجم نے اپنی شاعری میں زندگی کی حقائق کوسمیٹنے کی شاندار کوشش کی ہیں۔ انہوں نے شعبہ اُردو جموں یونیورسٹی کوملک کا متحرک ترین شعبہ قرار دیتے ہوئے صدر شعبۂ اُردو پروفیسر محمد ریاض کی انتظامی صلاحیتوں وکاوشوں کوبھی سراہا۔'
اپنے صدارتی خطاب میں پرو فیسرندیم احمد نے سدھاجین انجم کے شعری مجموعوں کی خصوصیات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اردو اور ہندی زبانوں کی ترقی میں شاعری کے رول پر بھی خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے سدھاجین انجم کی تخلیقی صلاحیتوں کوسراہا اور امیدظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی شاعری کے ذریعے سماج کو بہترسمت دینے کے لیے کام کرتی رہیں گی۔' اپنے خطاب میں نامور صحافی سہیل کاظمی نے مصنفہ سدھاجین انجم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین شاعرات نے بھی شاعری کوترقی دینے میں اپنا نمایاں رول نبھایاہے۔ انہوں نے کہا کہ سدھاجین انجم کی شاعری بہت ہی عمدہ اور قابل ستائش ہے۔ سہیل کاظمی نے شعبۂ اُردو کوپے درپے ادبی سرگرمیوں کے انعقاد کےلیے بھی مبارکبادپیش کی اور ہرممکن تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی۔'