جموں (جموں کشمیر) :جموں کے سرحدی علاقہ ارنیا میں جمعرات کی شام پاکستان کی جانب سے کی گئی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے سبب جموں، کٹھوعہ کے سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔ جمعرات کی شام ہوئی گولہ باری سے رجنی نامی ایک مقامی خاتون کے علاوہ ایک بی ایس ایف اہلکار زخمی ہوئے تھے وہیں گولہ باری کے سبب فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے محمد اشرف نے جموں کے ایک سرحدی علاقہ چک بولہ کا دورہ کیا اور وہاں کسانوں کے ساتھ گفتگو کی۔ کسانوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے داغے گئے گولے کھیتوں میں بھی جا گرے جس سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فصلیں کٹائی کے لئے تیار ہے تاہم انہیں کوئی بھروسہ نہیں کہ کب پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جائے اور کب لوگوں کو جان و مال کے تحفظ کے لیے پھر سے بھاگنا پڑے۔