جموں:جموں کشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں میں آج پردیش کانگریس کمیٹی کی طرف سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ اس دوران احتجاجیوں نے بی جے پی صدر جے پی نڈا کا پتلہ نذر آتش کیا۔
وہیں احتجاج میں شامل جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان راویندر شرما نے بی جے پی کی جانب سے راہل گاندھی کا پوسٹر بنانے پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کانگریس لیڈر کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ہضم نہیں کر سکی اور سوشل میڈیا پر پوسٹر کی نمائش صرف پارٹی کی مایوسی کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے راہل گاندھی کو راون کی طرح پیش کرکے ان کی توہین کی گئی ہے ایسا کرنا مناسب نہیں اور کانگریس اس کی مذمت کرتی ہے۔
دریں اثناہ سرینگر میں بھی کانگریس کے کارکنان نے بی جے پی کے خلاف احتجاج کیا۔اس دوران کانگرس کے درجنوں کارکنان نے بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔ یہ مظاہرین سرینگر کے ایم اے روڈ پر مظاہرے کرنا چاہتے تھے لیکن پولیس کے اہلکاروں نے ان کو کانگرس صدر دفتر سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی۔