جموں:شری امرناتھ جی شرائن بورڈ (SASB) کی بارہویں اعلیٰ سطح کی کمیٹی (HLC) کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ اور پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں شرائن بورڈ سمیت تمام متعلقہ محکموں کو رواں برس یاترا کے کامیاب انعقاد کے لیے امرناتھ یاترا کے آغاز سے قبل ہی تمام تیاریاں مکمل کرنے کا حکم دیا گیا۔
میٹنگ کے دوران ڈاکٹر مہتا نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ اپریل مہینے میں ہی ضروری ٹینڈرنگ اور کنٹریکٹ سے متعلق دیگر طریقہ کار کو مکمل کریں۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے بی آر او کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپریل کے آخر سے پہلے ہی چندن واڑی اور بالتل سڑک سے برف ہٹانے کا کام مکمل کریں تاکہ دیگر محکمہ جات اپنی سرگرمیاں آسانی سے انجام دے سکیں۔
چیف سیکریٹری نے یاترا کو جانے والے دونوں راستوں - بالتل اور چندن واڑی - پر موسمی اور قدرتی آفات کے اعتبار سے حساس قرار دیے گئے علاقوں کی نشاندہی کرنے کرنے پر زور دیتے ہوئے ایسے علاقوں میں عوامی سہولیات دستیاب رکھنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اس سلسلے میں این ڈی آر ایف سے ضروری مدد لی جا سکتی ہے تاکہ وہ اس بات کی تصدیق کر سکیں کہ وہ ایسے علاقوں میں کس طرح سے کام انجام دے سکتے ہیں۔