جموں:اپنی پارٹی کے سینیر لیڈر اور سابق وزیر غلام حسن میر نے کشمیر ہلاکتوں کو انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے راہل بھٹ کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی انسانیت سوز کارروائی کے لیے مذمت کے الفاظ کافی نہیں ہیں۔
غلام حسن میر نے کہا کہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال انتہائی پریشان کن ہے، جہاں اب اقلیتی فرقہ تازہ ٹارگٹ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ہند کے نیا کشمیر بنانے کے دعوے غلط ثابت ہوئے ہیں، کیونکہ آئے روز کشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ ہو رہی ہیں۔
اپنی پارٹی کے نائب صدر نے مزید کہا کہ یہ بزدلی اور غیر انسانیت کا مظاہرہ ہے۔ حکومت کو انسانیت کے خلاف اس گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اذیت اور درد جس سے متاثرین کے خاندان اب گزر رہے ہوں گے، ناقابل بیان ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ اس سے زیادہ تشدد کی کوئی انتہا نہیں ہے کیونکہ کشمیر میں اب عام شہری بھی گولیاں کے نشانے بنتے ہیں۔