جموں: آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت نے سنیچر کے روز جموں میں بی جے پی کور گروپ سے وابستہ ارکان کے ساتھ ملاقات کی، جس دوران جموں وکشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران آر ایس ایس چیف نے بی جے پی لیڈران پر زور دیا کہ وہ وادی کشمیر پر اپنی توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ فلاحی اسکیموں کے بارے میں لوگوں کو آگاہی فراہم کریں۔
اطلاعات کے مطابق آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت جو جموں وکشمیر کے تین روزہ دورے پر جمعہ کی شام کو جموں وارد ہوئے ہیں۔ انہوں نے ہفتے کے روز بی جے پی کور گروپ ارکان اور آر ایس ایس لیڈروں کے ساتھ ملاقات کی۔
ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران موہن بھاگوت نے بی جے پی لیڈران پر زور دیا کہ وہ کشمیر پر اپنی زیادہ تر توجہ مرکوز کریں۔ اس موقع پر موہن بھاگوت نے آر ایس ایس اور بی جے پی کی جانب سے شروع کی گئی فلاحی اسکیموں کے بارے میں بھی لوگوں کو جانکاری فراہم کرنے پر زور دیا۔
مزید پڑھیں:RSS chief Reached jammu آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت جموں پہنچے
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آر ایس ایس سربراہ نے کشمیر میں بی جے پی اور آر ایس ایس کو زمینی سطح پر مزید مضبوط کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی کل شام موہن بھاگوت کے ساتھ ملاقات کی۔
(یو این آئی)