پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی جنرل سیکریٹری سریندر چودھری نے کہا ہے کہ پی ڈی پی 'ترنگے کی سیاست' پر یقین نہیں رکھتی ہے بلکہ پارٹی ہمیشہ عوامی مسائل کو اُجاگر کرنے میں یقین رکھتی ہے۔
پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے دورہ جموں کی تفصیل دیتے ہوئے سریندر چودھری نے کہا کہ محبوبہ مفتی سے عوامی وفود ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا 'حکومت دعویٰ کر رہی ہے کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور ریاست کو دو مرکزی علاقوں میں منقسم کرنے سے لوگ خوش ہیں۔ محبوبہ مفتی عوامی وفود سے ملاقات کر کے اس کی حقیقت بھی دریافت کریں گی۔'
جموں میں پی ڈی پی دفتر پر شدت پسند نظریات رکھنے والی تنظیموں کی جانب سے ترنگا لہرانے پر سریندر چودھری نے کہا کہ 'بھارت ایک جمہوری ملک ہے اور ان سب چیزوں سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔'
انہوں نے کہا 'پی ڈی پی کے بانی مرحوم مفتی محمد سعید نے جموں و کشمیر میں ترنگا لہرایا اور وہ بھارتی ہونے پر ناز کرتے تھے۔'