خطے جموں میں آج جموں و کشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کے کارکنان نے پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ کی قیادت میں سیول سیکرٹریٹ جموں کے باہر اینٹی کرپشن بیورو کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔
اس موقعہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پینتھرز پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈران سرکاری کوارٹرز میں رہائش پذیر ہیں اور سرکاری املاک پر انہوں نے غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے جبکہ اینٹی کرپشن بیورو نے بی جے پی رہنماؤں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری بنگلوں میں بیٹھے بی جے پی کے رہنما اور کارکنان آج کی تاریخ میں سرپنچ بھی نہیں ہے اور کوئی بھی سرکاری عہدہ ان کے پاس نہیں ہے لیکن وہ منسٹریل بنگلوں کے اندر بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں (بی جے پی) نے غیر قانونی طور پر ان بنگلوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ ہائی کورٹ کی جانب سے ان بنگلوں کو خالی کرنے کے حکمنامے کے باوجود وہ ان بنگلوں میں رہائش پذیر ہیں۔
ہرش دیو سنگھ نے کہا کہ غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے والے بی جے پی رہنماوں و کارکنان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے لیکن بدقسمتی سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔